سینیٹ میں ایک اہم قانون سازی کے تحت پالتو جانوروں کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے والے مالکان کے خلاف سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ منظور شدہ بل کے مطابق اگر کسی پالتو جانور کی وجہ سے کسی شہری کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کے ذمہ دار براہِ راست جانور کے مالک ہوں گے۔
بل کے مطابق پالتو جانور کے ذریعے انسانی جان کو خطرے میں ڈالنا ناقابلِ ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، جس پر ایک سے دو سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ جان بوجھ کر غفلت برتنے پر دو لاکھ روپے تک جرمانہ اور لاپرواہی کی صورت میں ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
لاہور: پالتو شیرنی کے حملے سے 8 سالہ بچی زخمی، پولیس چھاپے مار رہی ہے
سینیٹر فوزیہ ارشد کی جانب سے پیش کردہ اس فوجداری قوانین ترمیمی بل کو سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ ترمیم کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعہ میں تبدیلی کی گئی ہے تاکہ پالتو جانوروں سے پیش آنے والے واقعات میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
