پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں طوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آندھی نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ شدید آندھی، ژالہ باری اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں درخت، بجلی کے کھمبے اور دیواریں گر گئیں، جبکہ مکانات، گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

latest urdu news

اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث متعدد مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

پشاور میں بھی شدید آندھی اور بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے، سولر پینلز کو نقصان پہنچا اور گاڑیوں پر بھی اثرات مرتب ہوئے۔

مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔ اٹک میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز آندھی اور بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ژالہ باری اور طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جبکہ مختلف حادثات میں مزید 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود طوفان اور بارش کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ملتان میں ریلوے روڈ پر تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے کھمبے گر گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ پرانا شجاع آباد روڈ پر آندھی کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 31 مئی تک آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم آٹھ مقامات پر بند ہو چکی ہے، جبکہ چلاس میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم دیامر اور لوئر کوہستان کے درمیان بند ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ہر سال مئی اور جون کے دوران طوفانی بارشوں اور آندھیوں کے باعث جانی و مالی نقصان کا خطرہ رہتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث حالیہ برسوں میں ان واقعات کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے بنیادی ڈھانچے، مواصلاتی نظام اور شہری زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter