لاہور، رحیم یار خان، خان پور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، محکمۂ موسمیات نے 17 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور، پنجاب میں مون سون کا طوفانی اسپیل شروع ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاہور سمیت متعدد شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی بندش اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، گلشن راوی، داتا دربار، اسلام پورہ، ڈیوس روڈ اور لکشمی چوک سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش کے دوران کئی علاقوں میں فیڈرز بند ہو گئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ شہریوں کو پانی بھرنے اور ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
ادھر جنوبی پنجاب کے شہروں رحیم یار خان، خان پور، کندیاں اور کلور کوٹ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کسانوں کے لیے یہ بارش رحمت کا پیغام بنی ہے، تاہم شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے ناقص انتظامات کے باعث پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں، 5 افراد جاں بحق
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہے گا اور اس دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں سے گریز کریں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے بچیں۔
یاد رہے کہ پنجاب میں ہر سال مون سون کے دوران اربن فلڈنگ، بجلی کی بندش اور ٹریفک مسائل معمول بن چکے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔