اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے اور فوری انخلاء کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث نالہ لئی میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے نالہ لئی اور اس کے اطراف میں رہائش پذیر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خطرے کا سائرن بجتے ہی فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات بروقت کیے جا رہے ہیں۔
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے، سڑکیں زیر آب آ گئیں اور بعض علاقوں میں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پنجاب کے کئی شہر شدید سیلاب کی لپیٹ میں، چکوال میں فلڈ ایمرجنسی نافذ، وزیراعظم کا ہنگامی اجلاس طلب
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ صرف وفاقی دارالحکومت تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پنجاب کے متعدد اضلاع بھی اس کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد شامل ہیں، جہاں نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر کو ہر صورت اختیار کریں۔
یاد رہے کہ رواں برس مون سون کے آغاز سے قبل ہی محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے ملک بھر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے خبردار کیا جا چکا تھا، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔