پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز بھی زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا اور انڈیکس نے دوبارہ ایک لاکھ 70 ہزار کی حد عبور کر لی۔ کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
ابتدائی کاروباری سرگرمیوں کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 834 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1,70,286 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی اعدادوشمار میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق مثبت توقعات نے مارکیٹ کو مستحکم رفتار فراہم کی ہے۔
گزشتہ روز اختتامی سیشن میں ہنڈرڈ انڈیکس 1,69,472 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج کے اضافے نے مارکیٹ کو دوبارہ مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ تیزی کے اس رجحان نے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا بلکہ مختلف شعبوں میں شیئرز کی قیمتوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئی تاریخ رقم، انڈیکس 1 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر گیا
دوسری جانب ڈالر کی قدر میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے معیشت پر مجموعی طور پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق روپے کی مضبوطی اور اسٹاک مارکیٹ میں بہتری ایک دوسرے سے منسلک عوامل ہیں، جو آنے والے دنوں میں مالیاتی ماحول کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ مزید نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے، تاہم اس کے ساتھ معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔
