سپیکر ایاز صادق کا نہری تنازع پر اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے قومی اتحاد پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے نہری نظام سے متعلق معاملات پر مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی قیادت کو سراہا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فورم سے متفقہ فیصلے ملک میں وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی اور سیاسی قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے، اور بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

latest urdu news

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی قیادت نے بالغ نظری اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے، اور امید ہے کہ نہری نظام پر ہونے والے احتجاج کا اب خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے حالیہ فیصلے سے دشمن کو یہ واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستانی قوم یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور قوم اپنے وطن کے دفاع میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے بے بنیاد الزامات بے نقاب ہو چکے ہیں، بھارت تاحال پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کا جواب دینے سے گریزاں ہے۔ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی انتہائی ناگزیر ہے۔

آخر میں اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کو تمام فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے پر مبارکباد بھی دی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter