پارلیمنٹ میں افواجِ پاکستان اور عدلیہ کے خلاف بات کی اجازت نہیں دوں گا، اسپیکر ایاز صادق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان میں افواجِ پاکستان اور عدلیہ کے خلاف کسی بھی قسم کی گفتگو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کا تقدس برقرار رکھنا اور پاکستان مخالف بیانیے کو روکنا ان کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

latest urdu news

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کا مشورہ ہمیشہ یہی رہا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں پارلیمنٹ کے اندر آ کر عوامی مسائل پر بات کریں اور عوام کی خدمت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اگر پُرامن ہو تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، تاہم پارلیمنٹ کے فورم کو غیر ذمہ دارانہ تقاریر کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ایاز صادق نے کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر ایوان میں آئینی دائرے کے اندر رہتے ہوئے بات کریں گے تو انہیں بات کرنے کے لیے فلور ملتا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بطور اسپیکر ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ایوان کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے اور تمام اراکین کو اظہارِ خیال کا مناسب موقع دیا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں افواجِ پاکستان اور عدلیہ کے خلاف کسی کو بھی بات نہیں کرنے دیں گے۔ ان کے مطابق یہ ریاست کے اہم ستون ہیں اور ان کے خلاف منفی گفتگو ملک کے مفاد کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی رکن کو پاکستان مخالف بات کرنے کی اجازت دینا ان کی ذمہ داری نہیں بلکہ اسے روکنا ان کا فرض ہے۔

27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا معاملہ: وزیراعظم نے اسپیکر ایاز صادق کو اہم ٹاسک سونپ دیا

انہوں نے عالمی تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں ایسا شاید ہی کوئی ملک ہو جس سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مافیا ہر ملک میں موجود ہوتے ہیں، تاہم حق اور سچ ہمیشہ ان کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

ایاز صادق نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم سے باقاعدہ مشاورت کرتے ہیں اور وزیراعظم انہیں ایوان چلانے سے نہیں روکتے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آج جتنی مضبوط اور مؤثر ہے، ماضی میں کبھی نہیں رہی۔ البتہ انہوں نے کہا کہ ایک ہمسایہ ملک کے ساتھ مسائل برقرار ہیں، جو پاکستان کے بچوں کی جانوں سے کھیلتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے اس بیان کو سیاسی حلقوں میں پارلیمانی نظم و ضبط اور ریاستی اداروں کے احترام سے متعلق ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter