سوراب: بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گرد تنظیم "فتنتہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے بینک اور ایک اعلیٰ انتظامی افسر کی رہائش گاہ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ہدایت اللہ بلیدی، جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ذرائع کے مطابق بیس سے تیس کے قریب دہشت گرد موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے اور سافٹ ٹارگٹس یعنی بینک، مارکیٹوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران بلوچ خواتین اور بچوں پر بھی تشدد کیا گیا۔
شہید ہدایت اللہ بلیدی نے بلوچ بچوں اور خواتین کو بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ جیسے ہی فرنٹیئر کور کی نفری پہنچی، دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت، شاہد رند نے اس حملے کو بزدلانہ اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بینک لوٹنے کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کو بھی نذرِ آتش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی ہندوستانی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز کی جانب سے کی گئی، جن کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حملے کے وقت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے، تاہم ہدایت اللہ بلیدی نے جان پر کھیل کر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ایف سی، پولیس اور لیویز فورسز مکمل طور پر متحرک ہیں اور علاقے کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوراب واقعے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہدایت اللہ بلیدی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی عوام دشمن اور بلوچستان دشمن سوچ کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم شہید کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں تخریب کاری پھیلانے والی پراکسیز کے خلاف پوری قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں حالیہ دنوں میں تیزی آئی ہے، جن میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی تنظیمیں ملوث پائی گئی ہیں۔ ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز، سرکاری افسران اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ شہید ہدایت اللہ بلیدی کی قربانی ریاستی وفاداری اور ایثار کی ایک نئی مثال ہے، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔