سوشل میڈیا پر ہونے والی محبت، کراچی میں شادی، اور پھر اچانک طلاق، یہ کہانی تیونس کی 19 سالہ سندا ایاری کی ہے، جو اپنی محبت کی تلاش میں کراچی آئی، مگر آج وہ لیاری کے وومن تھانے میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، شمالی افریقی ملک تیونس کی رہائشی سندا ایاری کی سوشل میڈیا پر کراچی کے علاقے نیا آباد، کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے دوستی ہوئی۔ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھا تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ سندا نے 28 نومبر 2024 کو پاکستان کا ویزا حاصل کرکے کراچی کا سفر کیا، جہاں عامر اور اس کے اہل خانہ نے نہ صرف اسے ایئرپورٹ سے ریسیو کیا بلکہ اگلے ہی دن ایک تقریب میں ان کی شادی بھی کرا دی۔
شادی کے ابتدائی مہینے خوشگوار گزرے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان تلخیاں پیدا ہوئیں۔ سندا کے مطابق، معمولی باتوں پر جھگڑے بڑھتے گئے، جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔ اب وہ پاکستان میں تنہا ہے اور اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔
مسئلہ صرف جذباتی نہیں بلکہ قانونی بھی ہے۔ سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری 2025 کو ختم ہو چکا ہے، اور اب وہ بغیر ایگزٹ پرمٹ یا ویزا کی تجدید کے ملک سے باہر نہیں جا سکتی۔ ویزے کی تجدید پر تقریباً 400 امریکی ڈالر، جبکہ ہوائی ٹکٹ کا خرچ سوا دو لاکھ روپے سے زائد ہے، جو اس کے لیے برداشت کرنا ممکن نہیں۔
سندا نے کسی قسم کی بدسلوکی یا تشدد کی شکایت تو نہیں کی، لیکن وومن پولیس تھانے میں پناہ کی درخواست ضرور دی ہے، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عامر کو تھانے بلایا گیا تھا، اس نے بیوی کو طلاق دینے کی تصدیق کی اور چپ چاپ چلا گیا۔ بعد ازاں مزید رابطے کی کوشش پر اس کا موبائل بند ملا۔