سی ٹی ڈی پنجاب نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے چھ سہولت کار گرفتار کر لیے، ملزمان سے دھماکا خیز مواد اور حساس معلومات برآمد، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آپریشن "یلغار” کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے چھ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ یہ بات ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی وقار عظیم نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتائی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے ہیں۔ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق ملزمان کو بھارت سے ہدایات دی جا رہی تھیں، جن میں اہم سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، حساس مقدمات کے گواہوں پر حملے، اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے منصوبے شامل تھے۔
ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ یہ کارروائی ایک بڑے نیٹ ورک کی کڑی تھی جسے کافی عرصے سے مانیٹر کیا جا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش کے دوران کئی اہم معلومات ملی ہیں جن پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کو ہر صورت بے نقاب اور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں ’را‘ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا چکا ہے، جن میں سب سے نمایاں مثال بھارتی بحری افسر کلبھوشن یادیو کی ہے، جو بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا تھا۔ پاکستان متعدد بار اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارتی مداخلت سے آگاہ کر چکا ہے۔