کراچی: سندھ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے پی ٹی وی کے اینکر رضوان رحمان کی جانب سے سندھ کے عوام کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے، جس میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اینکر رضوان رحمان نے حالیہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حقائق کے بجائے لسانی تعصب پر مبنی تجزیہ پیش کیا اور اپنی گفتگو کے دوران سندھ کے عوام کے خلاف غیر مہذب اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
ذوالفقار شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات عالمی سطح پر ایک چیلنج بن چکی ہیں جن سے نمٹنے کے لیے تمام حکومتیں مشترکہ کوششیں کر رہی ہیں، لیکن اس حساس معاملے کو بنیاد بنا کر سندھ اور اس کے عوام کو ہدفِ تنقید بنانا نہ صرف تعصب کا مظہر ہے بلکہ قومی یکجہتی کے خلاف بھی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص کسی بھی صوبے، ثقافت یا قومیت کے خلاف اس قسم کی گفتگو کرنے کی جرات نہ کرے۔
خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرکاری میڈیا کو قومی اتحاد کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ تعصب پھیلانے کا پلیٹ فارم۔