سکھر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 5لاکھ سولر سسٹم اسی سال غریب عوام میں تقسیم کریں گے۔
سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن تھا کہ ہم نے جو مہنگی بجلی کا بوجھ غریبوں پر پڑرہا اس سے نجات دلانی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 2012 کی بات ہے جب ہم نے سولرائزیشن کا پروگرام شروع کیا تھا، ہم نے تھر پارکر ضلع میں گرڈ اسٹیشن نہیں سب کو سولرائز کیا، بلاول صاحب نے کہا جو بجلی مہنگی ہے اس کا بوجھ عوام پر نہیں آنے دوں گا، اس پر ہم نے عالمی بینک سے بات کی جس کے3 حصے تھے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کو سولر پینل لگائیں، ہسپتالوں، سکولز میں جو عمارتیں ہیں ان پر سولر لگنے سے بجلی کا خرچ بچے گا ، غریب جن کا ایک کمرہ ہے وہ بجلی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ، ایسے2لاکھ گھروں کو سولر دے رہے ہیں، جس سے ایک پنکھا، 3 بلب روشن اور موبائل چارج ممکن ہو گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے ہر ضلع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ان افراد کو دیں گے،5 لاکھ سولر سسٹم بھی اسی سال غریب عوام کو تقسیم کریں گے، اکیس لاکھ گھر بنا کر دینے ہیں، جس کے پورے دنیا میں چرچے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اللہ نا کرے ایسا کوئی سیلاب آتا ہے تو غریب عوام کو اب ٹینٹ نہیں لگانے پڑیں گے، 2026 تک 21 لاکھ گھروں کو مکمل کریں گے ، کراچی شہر میں پندرہ ہزار ٹن سے زیادہ کچرا اکٹھا کر رہے ہیں، جس سے پچاس کے وی بجلی پیدا کی جائے گی ۔