جمعرات, 12 جون , 2025

سندھ حکومت کا عوامی ٹرانسپورٹ کیلئے بجٹ میں بڑا قدم، ای وی ٹیکسی، بسز اور سکوٹرز شامل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سندھ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے مزید بسز، الیکٹرک گاڑیاں، ٹیکسیوں اور سکوٹرز کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے، کراچی میں ڈبل ڈیکر بسز لانے کی بھی تیاری جاری ہے۔

کراچی، سندھ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں صوبے کے شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے نئی بسوں، الیکٹرک وہیکلز (EV)، ٹیکسیوں اور سکوٹرز کی خریداری کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

latest urdu news

اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے استعمال کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر چارجنگ اسٹیشنز کا انفراسٹرکچر قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت ہو اور ایندھن کے متبادل ذرائع کی جانب منتقل ہونے کی راہ ہموار ہو سکے۔

سینئر وزیر شرجیل میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ماحول دوست، جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بین الاقوامی معیار کی ڈبل ڈیکر بسز بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں، جو شہریوں کو زیادہ آرام دہ اور جدید سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ہر شہری کو بہتر، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت گزشتہ چند برسوں سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری کے لیے متعدد منصوبے متعارف کر چکی ہے، جن میں پیپلز بس سروس اور اورنج لائن شامل ہیں، تاہم اب بجٹ 2025-26 میں الیکٹرک ٹیکنالوجی کی جانب قدم کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمتِ عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter