سندھ کی اینٹی کرپشن کورٹ نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی زمین الاٹ کرنے کے الزام میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے سمیت 27 ملزمان کو شواہد کی کمی پر بری کر دیا۔
اینٹی کرپشن کورٹ سندھ نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی زمین الاٹ کرنے کے کیس میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا سمیت 27 ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
ملزمان پر نسلہ ٹاور کو غیر قانونی اضافی زمین الاٹ کرنے، رشوت وصولی اور دیگر متعدد الزامات تھے۔ ان پر الزام تھا کہ نسلہ ٹاور کی زمین 700 گز سے بڑھا کر 1100 گز کی گئی۔
یاد رہے کہ تین سال قبل سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد نے شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاور کو منہدم کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر انتظامیہ نے مسلسل 69 دن کام کر کے 15 منزلہ نسلہ ٹاور کو مکمل طور پر منہدم کر دیا تھا۔