سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے علاقے کوٹلی بھاگو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 3 افراد دھویں سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بجلی نہ ہونے کے باعث گھر میں جنریٹر چلایا گیا، جس کا دھواں کمرے میں بھر گیا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ رات کو جنریٹر کمرے کے قریب رکھا گیا تھا اور کھڑکیاں دروازے بند ہونے کی وجہ سے ہوا کا گزر نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں تمام افراد بے ہوش ہو گئے اور جانبر نہ ہو سکے۔
پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں، چند روز قبل سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں بھی 6 بچیاں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئی تھیں، جس نے جنریٹر کے استعمال سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔