شکارپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران دو ڈی ایس پیز زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہ مقابلہ منچر شیخ کے علاقے میں اس وقت شروع ہوا جب ڈاکوؤں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے آپریشن کیا۔
ایس ایس پی شکارپور نے بتایا کہ مقابلے کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور سومرو اور ڈی ایس پی سٹی پارس بکرانی زخمی ہوگئے۔ دونوں افسران کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق زخمی افسران کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو خطرناک گینگ سے تعلق رکھتے تھے اور متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ بکتر بند گاڑیاں بھی کارروائی کا حصہ رہیں۔ پولیس کے مطابق جیسے ہی اہلکار علاقے میں داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے شدید مزاحمت کی اور جدید اسلحے سے فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس کو جوابی کارروائی کرنا پڑی۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خارجی دہشتگرد ہلاک
حکام کے مطابق ڈاکوؤں کے خلاف یہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی مزید ٹیمیں بھی علاقے میں پہنچ چکی ہیں جبکہ ڈاکوؤں کے ممکنہ ٹھکانوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈاکوؤں کی سرگرمیوں سے شہریوں میں خوف پھیل گیا تھا اور اس آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی ہر صورت جاری رہے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
