شکارپور کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری پولیس آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے ڈی ایس پیز پارس بکھرانی اور ان کے شوہر ڈی ایس پی ظہور سومرو نے اپنی شادی کی دوسری سالگرہ اسپتال میں منائی۔ دونوں افسران گزشتہ ہفتے ہونے والی جھڑپ میں زخمی ہوئے تھے اور اس وقت سکھر کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں کی حالت پہلے سے بہتر ہو رہی ہے، جبکہ دو دیگر زخمی اہلکار بھی بحالی کی جانب گامزن ہیں۔
زخمی افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے میئر سکھر ارسلان شیخ اسپتال پہنچے اور اس موقع پر ڈی ایس پی میاں بیوی کی شادی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ میئر نے کہا کہ افسران کی بہادری اور فرض شناسی قابلِ ستائش ہے اور پورا شہر ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔
اسی دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پولیس جدید اسلحے اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق شکارپور، کشمور، گھوٹکی اور جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز کے دوران اب تک تقریباً 200 جرائم پیشہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 550 سے زیادہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
شکارپور میں پولیس کا بڑا آپریشن، مقابلے میں 8 ڈاکو ہلاک، 2 ڈی ایس پیز زخمی
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران متعدد علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی، جس میں بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اپنی کارروائیاں اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ متاثرہ علاقوں میں مکمل امن بحال کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہونے والے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 9 ڈاکو مارے گئے تھے جبکہ ڈی ایس پی میاں بیوی اور دو اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے، جو اب زیرِ علاج ہیں۔
