اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کارکنوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے علیمہ خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں پر سنگین الزامات عائد کر دیے اور سیاست چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ علیمہ خان نے پارٹی کو دوبارہ 9 مئی جیسے حالات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے اور عوام کے درمیان کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ "جیسے میں نے 9 مئی کے بعد احتجاج کی قیادت کی، اسی طرح ایک مرتبہ پھر عوام کو متحرک کرنے کے لیے کم از کم ایک ماہ کا وقت درکار ہے، لہٰذا احتجاج کی نئی تاریخ دی جائے۔”
شیر افضل مروت نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے ساتھ کی گئی ناانصافی اور بے عزتی پر معافی مانگے اور ساتھ ہی علیمہ خان، سلمان راجہ اور دیگر مبینہ سازشی گروہ کو پارٹی سے فوری نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مطالبات بلند اور واضح ہیں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی قیادت پر دباؤ ڈالیں تاکہ ان کے مطالبات مانے جائیں۔ شیر افضل مروت نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ ہمیشہ کے لیے سیاست سے کنارہ کش ہو جائیں گے۔