سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عمرہ روانگی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق اپیل کی سماعت ڈویژن بنچ جسٹس جواد حسن اور جسٹس طارق محمود باجوہ نے کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کے باعث شیخ رشید کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا ہے اور عدالت سے درخواست کی کہ عمرہ جانے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
پٹیشنر کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ آئین کا آرٹیکل 15 ہر شہری کو آزادانہ نقل و حرکت اور بیرون ملک سفر کا حق دیتا ہے، اور سپریم کورٹ نے ماضی میں کئی افراد کو ٹرائل کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔
عدالت نے کہا کہ شیخ رشید نے عدالتی رعایت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا۔ جسٹس جواد حسن نے یہ ریمارکس بھی دیے کہ معاملہ ٹرائل کورٹ کو واپس کیوں نہ بھیج دیا جائے۔
شیخ رشید نے عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب جانے کی درخواست دائر کر دی
پٹیشنر کے وکیل نے مزید مؤقف دیا کہ ٹرائل کورٹ کو سٹاپ لسٹ سے نام نکالنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
