بیجنگ میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران روسی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ میں شرکت کی دعوت دی، جس پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے روس کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو "بہترین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر انہیں افسوس ہے، اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اس قدرتی آفت پر جلد قابو پا لے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے، جس سے اس ملاقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر مشترکہ مؤقف اپنانے کے تسلسل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔