سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے بیان کو سیاسی منافقت قرار دے دیا، کہا حافظ نعیم اب تک میئر نہ بننے کے صدمے سے باہر نہیں نکلے۔
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی نظام پر تنقید کو سیاسی منافقت قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان پنجاب میں بیٹھ کر سندھ کے بلدیاتی نظام کو نشانہ بنا رہے ہیں، حالانکہ خود پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حافظ نعیم تاحال میئر کراچی نہ بننے کے صدمے سے باہر نہیں نکل سکے۔
شرجیل میمن نے جماعت اسلامی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کا کام صرف عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ اگر حافظ نعیم کو واقعی بلدیاتی نظام سے مسئلہ ہے تو وہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی اسی شدت سے آواز بلند کریں۔ صرف سندھ پر تنقید کر کے اپنی سیاسی ناکامیوں کو نہیں چھپایا جا سکتا۔
سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ حافظ نعیم کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جن پی ٹی آئی ممبران پر انہوں نے مقدمے قائم کیے تھے، انہی ممبران نے بعد ازاں انہیں ووٹ دینا گوارا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو کراچی کی میئرشپ کبھی عوامی ووٹ سے نہیں ملی، ان کے دونوں میئر فوجی آمریت کے مرہونِ منت تھے۔
اختتام پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو تعمیری سیاست کرنی چاہیے اور عوام کو نفرت اور بے بنیاد الزامات سے گمراہ نہیں کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان حالیہ دنوں سندھ حکومت اور بلدیاتی نظام پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں، جس پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔