لاہور: پاکستانی خاتون پولیس افسر اے ایس پی شہربانو نقوی کو شاندار عالمی اعزاز حاصل ہوگیا۔ وہ ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلو شپ کے لیے منتخب ہونے والی پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون پولیس افسر بن گئیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہربانو نقوی کو معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ اور نظام میں مثبت تبدیلی کے لیے نمایاں خدمات پر منتخب کیا گیا۔ ایشیا سوسائٹی نے کلاس آف 2025ء کے لیے خطے کے 27 ممالک سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ جات کے 30 نمایاں افراد کا انتخاب کیا، جن میں اے ایس پی شہربانو نقوی پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن سمٹ رواں سال 5 تا 7 دسمبر فلپائن کے شہر منیلا میں منعقد ہوگا، جہاں منتخب ہونے والے افراد معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کریں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پنجاب پولیس کے افسران کی کارکردگی کی پذیرائی پولیس سروس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق شہربانو نقوی جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایشیا سوسائٹی خطے میں سماجی خدمات اور کمیونٹی کے تحفظ کے حوالے سے نوجوان لیڈرز کے کردار کو اجاگر کرنے والی معتبر تنظیم ہے، جو ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افراد کو منتخب کرتی ہے۔