شہباز شریف کا آذربائیجان کا دورہ، ای سی او اجلاس میں شرکت کریں گے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم 3 اور 4 جولائی کو باکو میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستانی مؤقف پیش کریں گے۔

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے دو روزہ دورے پر آذربائیجان جائیں گے جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقائی و عالمی چیلنجز پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔

latest urdu news

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران ای سی او وژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے اور اقتصادی و تجارتی تعاون، علاقائی روابط اور پائیدار ترقی سے متعلق امور پر روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران دیگر شریک ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں اقتصادی، تجارتی، توانائی اور سیکیورٹی سے متعلق تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) ایک علاقائی بین الحکومتی ادارہ ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی، تجارتی رابطے اور علاقائی استحکام کو فروغ دینا ہے۔ اس تنظیم میں پاکستان، ترکی، ایران، آذربائیجان، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter