بدھ, 14 مئی , 2025

شاہ محمود قریشی کا کوٹ لکھپت جیل سے قوم کے نام خط، سیاسی جنگ بند کریں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملکی داخلی استحکام کے لیے سیاسی جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پی ٹی آئی کی قیادت، کارکنان اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی رہی۔

کوٹ لکھپت جیل سے جاری ایک خط میں شاہ محمود قریشی نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ جسمانی طور پر قید ہوں، لیکن میری روح پاکستان سے وفاداری اور محبت میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات نے ایک بار پھر بھارت کے جارحانہ عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے، جو بغیر کسی ثبوت کے اشتعال انگیزی کی راہ پر گامزن ہے، تاہم پاکستان نے بردباری، ذمہ داری اور اخلاقی برتری سے جواب دیا

انہوں نے 9 مئی کو پاک افواج کی مشترکہ پریس کانفرنس کو قومی وقار کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے باوقار، مدلل اور سچ پر مبنی موقف کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کے امن کے عزم کو اجاگر کیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچا کر دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اپنے دفاع سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اس مشکل گھڑی میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، اور ہر فرد اپنی افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا نظر آیا۔

شاہ محمود قریشی نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر خارجہ پلوامہ بحران کے وقت بھی انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، اور آج بھی، قید کی حالت میں، وہ اسی جذبے کے ساتھ ملک و قوم کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ اندرونی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی سطح پر مکالمے کا آغاز کیا جائے تاکہ درپیش چیلنجز کا اجتماعی طور پر مقابلہ کیا جا سکے، قوموں کا اصل امتحان آزمائش کے وقت ہوتا ہے، اور پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ تقسیم شدہ ہے، نہ کمزور، نہ جھکنے والا۔

شاہ محمود قریشی نے خط کے اختتام پر ملک و قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہماری عوام زندہ باد، ہماری مادرِ وطن پائندہ باد، پاکستان زندہ باد!

شیئر کریں:
frontpage hit counter