لاہور، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر کے مطابق فجر کی نماز کے بعد شاہ محمود قریشی کو سینے میں درد محسوس ہوا، جس پر جیل میں تعینات میڈیکل اسٹاف نے ابتدائی طبی معائنہ کیا، تاہم طبیعت بہتر نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی لے جایا گیا۔
جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو ان کی صحت کی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب جی ایچ کیو حملہ اور 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی، تاہم عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے نئی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ان مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں سرکاری پراسیکیوٹر، ملزمان کے وکیل ملک فیصل اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ تمام نامزد افراد عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی کارروائی کے دوران رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، زرتاج گل، علیمہ خان اور دیگر افراد بھی عدالت میں موجود تھے، شیخ رشید حاضری لگانے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔