اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے اسپتال میں شاہ محمود قریشی کی عیادت کی اور ان سے اہم سیاسی ملاقات کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سلمان اکرم راجہ، شوکت بسرا اور ظہیر بابر کے ہمراہ اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی کی خیریت دریافت کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارٹی معاملات، موجودہ سیاسی تناؤ اور آئندہ کے ممکنہ سیاسی لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری، محمود مولوی، عمران اسماعیل سمیت دیگر شخصیات بھی شاہ محمود قریشی سے اسپتال میں ملاقات کر چکی ہیں۔
ان ملاقاتوں کے بعد سابق رہنماؤں نے موجودہ پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی سے فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور دیگر رہنماؤں کی ملاقات
فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا تھا کہ “پاکستان عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، ایسے وقت میں ملک کے اندرونی سیاسی حالات کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔”
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اور ان کے ساتھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سنجیدگی اور اتحاد کے ساتھ تحریک چلائیں گے۔
