ملک بھر میں شبِ معراج آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان بھر میں شبِ معراج آج 16 رجب بروز اتوار انتہائی عقیدت، احترام اور روحانی جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

latest urdu news

اس بابرکت رات کی مناسبت سے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مراکز میں خصوصی عبادات اور روحانی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں شہری شب بیداری کریں گے۔

شبِ معراج کے موقع پر مساجد میں نوافل، تلاوتِ قرآنِ پاک، ذکر و اذکار اور درود و سلام کی محافل منعقد ہوں گی۔ علما و مشائخ اس عظیم الشان واقعے کی اہمیت اور اس سے ملنے والے اسباق پر خصوصی خطابات کریں گے۔ خطبات میں واقعۂ معراج، نماز کی فرضیت، صبر، تقویٰ اور اطاعتِ الٰہی کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ مسلمان اپنی عملی زندگی میں ان تعلیمات کو اپنائیں۔

اس مقدس رات کے دوران ملک بھر میں امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، پاکستان کی ترقی، استحکام، امن و سلامتی اور عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ علما کا کہنا ہے کہ شبِ معراج نہ صرف ایمان کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ یہ رات انسان کو اللہ تعالیٰ سے قرب حاصل کرنے اور اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہونے کا پیغام بھی دیتی ہے۔

سیکیورٹی کے پیش نظر بعض شہروں میں مساجد اور اہم مقامات کے اطراف حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ عبادات پرامن ماحول میں انجام دی جا سکیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد شبِ معراج کی برکتوں سے فیض یاب ہونے کے لیے مساجد کا رخ کر رہی ہے۔

علما کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس رات کو زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا اور استغفار میں گزاریں اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے، صبر اور برداشت کو فروغ دیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter