خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں مزید 5 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الخوارج سے تھا۔ کارروائی کے دوران ہلاک خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ان خوارج کے خلاف تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہ دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور مزید خوارج کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ انسداد دہشتگردی مہم مکمل شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ کرنے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 خوارج ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید
سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگردانہ حملوں کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج اور پولیس کی یہ پیش قدمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ علاقے میں جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز نہ صرف داخلی امن و امان کی بحالی کے لیے ضروری ہیں بلکہ غیر ملکی مداخلت کو ناکام بنانے اور علاقے کو محفوظ بنانے میں بھی مددگار ہیں۔
