راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے 5 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان اور پشاور میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے درست اور مؤثر آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ ان میں دہشت گرد حارث اور بصیر بھی شامل تھے، جو سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں سمیت کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے تمام دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی سے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر کئی بار یہ مؤقف پیش کر چکا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کر رہا ہے، اور اس حوالے سے کئی شواہد بھی عالمی اداروں کے سامنے رکھے جا چکے ہیں۔