راولپنڈی، سیکیورٹی فورسز نے تربت میں کیے گئے ایک آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 اپریل کو ضلع کیچ کے علاقے تربت میں خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر دہشت گردوں کی موجودگی کے خلاف کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر حکمت عملی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور دھماکا خیز سامان برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سیکیورٹی اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گرد عناصر کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔