پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ہفتہ 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔

latest urdu news

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال، اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات اور امن عامہ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

تاہم شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہوگا، اسی طرح سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسران، اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم کے دائرے سے باہر ہوں گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور جمعہ کے خطبے تک محدود ہوگا، جبکہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں عوامی جلوس یا دھرنے دہشت گرد عناصر کے لیے “سافٹ ٹارگٹ” ثابت ہو سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter