نیپرا نے نقصانات کم نہ کرنے، ریکوری میں بہتری نہ لانے اور حفاظتی معیارات پر عمل نہ کرنے پر سیپکو اور حیسکو پر مجموعی طور پر ساڑھے 9 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
اسلام آباد،نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سیپکو اور حیسکو پر مجموعی طور پر ساڑھے 9 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
نیپرا حکام کے مطابق دونوں کمپنیوں پر نقصانات کم نہ کرنے، ریکوری میں بہتری نہ لانے اور حفاظتی معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سیپکو اور حیسکو شوکاز نوٹسز کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہیں۔ سیپکو اپنے انتظامی علاقے میں 100 فیصد پولز کی ارتھنگ مکمل نہ کر سکا اور حفاظتی معیارات کی پاسداری بھی نہ کی۔
نیپرا نے سیپکو پر 3 مختلف فیصلوں کے تحت مجموعی طور پر 7 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا، جن میں 5 کروڑ روپے نقصانات اور ریکوری میں ناکامی، ایک کروڑ روپے حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی اور ایک کروڑ روپے پولز کی ارتھنگ مکمل نہ کرنے پر شامل ہیں۔
حیسکو پر ڈھائی کروڑ روپے کا جرمانہ 2023-24 کے دوران نقصانات کم نہ کرنے اور ریکوری بہتر نہ بنانے پر لگایا گیا۔
نیپرا نے دونوں کمپنیوں کو 15 روز میں جرمانے کی رقم نامزد کردہ بینک میں جمع کرانے اور سیپکو کو 3 ماہ میں باقی ماندہ اسٹیل اسٹرکچر کی ارتھنگ مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔