اسلام آباد: اسپیشل کمیونکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے اپنے ویژن 2025 کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 100 جدید ترین آئی ٹی سیٹ اپس قائم کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق، ایس سی او نے 700 سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جبکہ 1500 فری لانسرز کو تربیت اور مالی خودمختاری کے لیے بااختیار بنایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاقے میں ڈیجیٹل ترقی، روزگار کے مواقع اور آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
ایس سی او کے ویژن 2025 کے تحت پاکستان کا پہلا خواتین کے لیے مخصوص سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مظفرآباد میں قائم کیا گیا ہے، جہاں خواتین کو جدید ڈیجیٹل ٹریننگ اور فری لانسنگ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، خصوصی افراد (Special Persons) کے لیے خودمختار رہائشی اور تربیتی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
ڈی جی ایس سی او کے مطابق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قائم 100 آئی ٹی پارکس دو سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے گئے، جس سے اب تک 20 ملین ڈالر کے غیرملکی زرِمبادلہ کا حصول ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے میں آئی ٹی انقلاب لانے، نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے اور پاکستان کے شمالی علاقوں کو ٹیکنالوجی کے نئے دور میں داخل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
