سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2026ء کے انتظامات کے حوالے سے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ معاہدہ جدہ میں گزشتہ شب سعودی نائب وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان المشاط اور پاکستان کے وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن کے درمیان دستخط کے ذریعے مکمل ہوا۔
معاہدے پر دستخط کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ برس پاکستانی حجاجِ کرام کو فراہم کی جانے والی بہترین سہولیات پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستانی زائرین کے لیے شاندار انتظامات کرتا ہے، اور توقع ہے کہ آئندہ حج میں بھی پاکستانی حجاج کو اعلیٰ معیار کی خدمات، رہائش اور ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی سیکریٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے انتظامات کو بروقت، شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان حجاج کرام کی سہولت اور ان کے مقدس فریضے کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
