سمبڑیال الیکشن :عوام نے عمران خان کے بیانیے کو مسترد کر دیا، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عظمیٰ بخاری نے سمبڑیال الیکشن میں دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کر دیا، فافن رپورٹ پی ٹی آئی کے لیے کافی ہے۔

latest urdu news

لاہور – پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فافن کی رپورٹ ان الزامات کا واضح جواب ہے اور پی ٹی آئی کو 39 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی، جس کے بعد دھاندلی کا شور مچانا شرمناک رویہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سمبڑیال کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ضمنی انتخاب میں ذلت آمیز شکست ہوئی، جبکہ فافن (فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک) کی رپورٹ میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم کیے اور انتخابی عمل شفاف رہا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ فافن نے 121 پولنگ ایجنٹس کے انٹرویو کیے، جن میں سے 116 نے انتخابی عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ سمبڑیال میں مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک 41 فیصد سے بڑھ کر 59 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا ووٹ کم ہو کر 35 فیصد سے 29 فیصد تک آ گیا ہے، جو پی ٹی آئی کے بیانیے پر عوامی عدم اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ شکست تسلیم کرنے کے بجائے روایتی انداز میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر الزام تراشی پی ٹی آئی کا پرانا وتیرہ ہے، حالانکہ عوامی مینڈیٹ واضح طور پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اب مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیتا اور سپورٹ کرتا ہے، اور سمبڑیال کی نشست ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی رہی ہے اور ناقابلِ شکست رہی ہے۔

یاد رہے کہ شیخ وقاص اکرم نے الیکشن کے بعد پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی کی گئی، پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو نکالا گیا، بیلٹ باکس تبدیل ہوئے اور ووٹرز کو ہراساں کیا گیا، جس کے بعد یہ سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter