پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی ٹوئٹ سے سامنے آنے والی باتیں انتہائی خوفناک ہیں۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی عمران خان سے ملاقات کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عدالت کا حکم ایس ایچ او کو واٹس ایپ کے ذریعے بھجوایا ہے، جبکہ حکم کی کاپی ان کا ایسوسی ایٹ لے کر آرہا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم 27ویں آئینی ترمیم اور موجودہ اسمبلی کے استحقاق کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ فارم 47 سے وجود میں آنے والی اسمبلی کو کسی بھی آئینی ترمیم کا اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کیا جارہا ہے اور آزاد عدلیہ کے تصور کو ختم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو اس مجوزہ ترمیم کی مخالفت کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو سے ملاقات میں آئینی ترمیم پر بات نہیں ہوئی:مولانا فضل الرحمان
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایکس اکاؤنٹ پابندی کیس میں جیل حکام کو ہدایت دی تھی کہ سلمان اکرم راجا کی عمران خان سے آج ہی ملاقات کرائی جائے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور نمائندہ اسٹیٹ کونسل فون کال پر جیل حکام کو اس حکم سے آگاہ کریں۔
