وفاقی حکومت نے یکم جولائی 2025 سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اسلام آباد، وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری سنا دی، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ اور 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام وفاقی سول ملازمین، مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کو ان کی موجودہ بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ الاؤنس مستقل اور کنٹریکٹ دونوں اقسام کے ملازمین پر لاگو ہوگا۔
مزید برآں، وزارتِ خزانہ نے گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین کو 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ پر 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس سہولت کا اطلاق بھی یکم جولائی 2025 سے نافذالعمل ہوگا، جس سے ہزاروں وفاقی ملازمین کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں مزدوروں کے لیے خوشخبری، کم از کم تنخواہیں بڑھانے کی تجویز پیش
مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا عندیہ پہلے ہی دیا گیا تھا، اور اب اس کے عملی اطلاق کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے سے ملازمین میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ چند سالوں میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر تنخواہوں میں اضافے کی متعدد تجاویز پر غور کیا تھا، جس کے بعد موجودہ بجٹ میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف اور 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے تاکہ سرکاری ملازمین کی مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔