پی ٹی آئی کو ایک اور جھٹکا، ساجد قریشی ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی نے دھرنوں، احتجاجی سیاست اور ملک دشمن بیانیے سے تنگ آ کر پارٹی کو خیرباد کہہ دیا اور اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس سلسلے میں انہوں نے گورنر پنجاب سلیم حیدر سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جہاں موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر 5 اگست کی احتجاجی کال کو مکمل طور پر مسترد کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب احتجاج، دھرنوں اور انتشار کی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت استحکام، ترقی اور جمہوریت کی ضرورت ہے، نہ کہ سڑکوں پر احتجاج اور نفرت انگیز بیانیے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ کارکنان دوبارہ اس جماعت کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی انہیں بھرپور عزت دے گی، کیونکہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کو محض ووٹ بینک نہیں سمجھتی بلکہ ان کی سیاسی خدمات کا اعتراف بھی کرتی ہے۔

ساجد قریشی نے اس موقع پر کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے پی ٹی آئی کا حصہ رہے، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کا رویہ، بیانیہ اور طرز سیاست ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ایک ایسی جماعت کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو جمہوری اقدار، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کی سیاسی جدوجہد اب مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔

گورنر پنجاب نے ساجد قریشی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی محنت ضائع نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط بازو ہیں، اور یہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter