سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بلاول بھٹو زرداری پر لگائے گئے سازشی الزامات کی وضاحت کریں اور بتائیں کہ بلاول نے ان کے خلاف کیا سازش کی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں بلکہ تعریف کی اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم سے درخواست کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسی صورتحال کیوں پیدا کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق سے ناراض ہو جائے، جبکہ پیپلزپارٹی کے ووٹ وفاقی حکومت کے لیے اہم ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ حکومت سے علیحدگی کے بعد ملک معاشی بحران کا شکار ہو۔
سعید غنی نے کہا کہ کل وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بلاول پر وزیر خارجہ رہتے ہوئے سازش کرنے کے الزامات لگائے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف اس بات کی وضاحت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف خود بلاول کی تعریف کرتے تھے کہ وہ کتنے کامیاب وزیر خارجہ تھے، اور سوال اٹھایا کہ کیا وزیراعظم پنجاب کی حکومت کو جھوٹا قرار دیں گے یا بلاول کی تعریف کریں گے؟
آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں:مریم نواز
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تنہائی کا شکار تھا، تو بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو آئیسولیشن سے نکالا تھا۔ صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پانی کے حوالے سے دیے گئے بیانات پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ پانی صرف پنجاب کا نہیں، بلکہ پورے ملک کا ہے۔ پنجاب میں پانی کی کمی کا مسئلہ بھی پہلے سے موجود تھا، اور نئی نہریں بنانے کی صورت میں پنجاب اپنا پانی کہاں سے لے گا؟
سعید غنی نے کہا کہ انتخابات سے بڑی کوئی پیمائش نہیں اور سندھ کی اکثریت پیپلزپارٹی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے ارکان پر فارم 47 کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کامیاب ارکان پر ایسے الزامات نہیں ہیں۔