اسلاموفوبیا کے اصل ذمے دار امریکا اور اسرائیل ہیں، سعد رفیق کا دوٹوک مؤقف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اسرائیل اور امریکا کو اسلاموفوبیا کے فروغ کا اصل ذمے دار قرار دیتے ہوئے عالمی طاقتوں کی منافقانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی اور عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔

latest urdu news

خواجہ سعد رفیق نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل، ایران کے جوہری پروگرام کو بنیاد بنا کر خطے میں جنگی کارروائیاں کر رہا ہے، حالانکہ خود اسرائیل نے آج تک ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر دستخط نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، اقوام متحدہ کے ادارے IAEA کو بھی اپنی ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا، جو اس کی دہری اور منافقانہ پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔

سابق وزیر نے مزید لکھا کہ اسرائیل نہ صرف اپنے ہمسایہ ممالک بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے خلاف بھی جارحیت کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہے، جس کی حمایت امریکا اور بعض یورپی طاقتیں کھلے عام کر رہی ہیں۔

خواجہ سعد رفیق کے مطابق عراق، لیبیا اور ایران جیسے مسلم ممالک کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے ان پر جنگیں مسلط کی گئیں، اور اسی دوہرے معیار نے عالمی امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب کی انہی پالیسیوں کے باعث اسلاموفوبیا ایک منظم رجحان بن چکا ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان متاثر ہو رہے ہیں۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے زور دیا کہ دنیا میں پائیدار امن اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک بقائے باہمی، مساوات اور انصاف کے اصولوں کو تسلیم نہ کیا جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter