اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی تمام شہریوں پر لازم ہے اور ہر فرد کے لیے انصاف اور احترام فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور بنیادی حقوق کو معاشرتی استحکام کے لیے کلیدی قرار دیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ اسلام کا پیغام برداشت اور رواداری ہے، اور آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے استفادہ کو یقینی بنانے کے لیے سماجی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بروقت انصاف کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کے باوجود ہم سب کو ایک چھت تلے رہ کر ایک دوسرے کی عزت اور انصاف کا احترام کرنا ہوگا۔
سمپوزیم میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد بن الکریم العیسی نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی کو معاشرتی استحکام کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام مساوات، رواداری اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ایک انصاف پسند دین ہے۔