رومانیہ کے ایئر چیف لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ ملاقات ائیر چیف کے رومانیہ کے تاریخی دورے کے دوران ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی گئی۔
رومانیہ کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاکستانی ایئر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے ایئر چیف نے مشترکہ فضائی مشقوں، عملے کی تربیت اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی۔
رومانیہ کے ایئر چیف نے نہ صرف پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا بلکہ خود انحصاری کی جانب اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
دونوں افواج کے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر تعاون کے فروغ اور جدید فضائی دفاعی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے میکانزم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس دورے کو پاکستان اور رومانیہ کے دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو بدلتے عالمی حالات میں دو طرفہ امن، ترقی اور سیکیورٹی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔