لاہور کے علاقے لٹن روڈ پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کرنے والے تینوں ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ کرول گھاٹی کے قریب پیش آیا۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو واردات میں استعمال ہونے والا سامان اور نقدی برآمد کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران ان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لیے فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر تینوں زیر حراست ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں ملزمان کو ساہیوال اور ناروال سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ متحرک ہوئے اور اپنا گینگ تشکیل دے کر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہو گئے تھے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 12 لاکھ روپے نقدی بھی برآمد کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر ڈکیتی کی رقم تھی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ حملہ آور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
