ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں سیلاب زدگان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے والی کشتی ایک حادثے کا شکار ہو گئی۔ کشتی میں کل 19 افراد سوار تھے، جن میں سے 18 کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک فرد تاحال لاپتہ ہے۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ریسکیو ٹیم موضع دراب پور سے سیلاب متاثرین کو نکال کر لے جا رہی تھی۔ حادثے کے وقت کشتی پر پہلے ہی زائد افراد سوار تھے، کہ ایک اور شخص نے کشتی کے کنارے سے لٹکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کشتی توازن کھو بیٹھی اور الٹ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام افراد کو فوری طور پر بچا لیا گیا، لیکن ایک شخص لاپتہ ہو گیا ہے، جس کی تلاش کے لیے غوطہ خور ٹیمیں سرگرم ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔
جلالپور پیروالا شہر اس وقت دریائے چناب کے سیلابی ریلے کی زد میں ہے، جس کے باعث ریلوے ٹریک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ شہر کو اب بھی شدید خطرہ لاحق ہے اور حفاظتی اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
ملتان جلال پور میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے کی وجہ سامنے آگئی
واضح رہے کہ اس سے قبل مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آ چکا ہے، تاہم خوش قسمتی سے وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔