64
راولپنڈی میں چکلالہ کے قریب ہینڈز فری لگائے نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی
راولپنڈی کے علاقے چکلالہ گاؤں کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ 19 جولائی کو ریلوے ٹریک پر اس وقت پیش آیا جب لڑکا ہینڈز فری لگا کر پیدل چل رہا تھا اور اپنے گرد و پیش سے مکمل طور پر بے خبر تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان پیچھے سے آتی ٹرین سے بالکل لاعلم رہا اور ٹرین نے اسے زور دار ٹکر مار کر کچل دیا۔
یہ واقعہ اس جانب واضح اشارہ ہے کہ کانوں میں ہینڈز فری یا ہیڈ فون لگا کر ریلوے ٹریک جیسے خطرناک مقامات پر چلنا کس قدر مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین نے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔