راولپنڈی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے والی لڑکی پر تشدد اور فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کی قیادت میں تشکیل دی گئی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ممکن ہوئی۔
گرفتار ہونے والے ملزم کا نام سبیل بتایا گیا ہے اور اس کا تعلق کشمیر سے ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو لڑکی سے بیگ چھینتے، اس پر تشدد کرتے اور فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں لڑکی کی بہادری بھی واضح ہے، جو ڈاکو کی درندگی کے باوجود مزاحمت کرتی ہے اور آخر میں فرار ہونے پر اس کے پیچھے بھاگتی رہی۔ متاثرہ لڑکی نے آخری وقت تک اپنے حق کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
عیدالفطر کی آمد پر ڈاکوؤں کی ’عیدی مہم‘ جاری:راولپنڈی
واقعے کے وقت لڑکی کمرشل مارکیٹ سے شاپنگ کے بعد گھر واپس آ رہی تھی کہ گلی میں ڈاکو نے اس پر حملہ کیا۔ لڑکی کی بھرپور مزاحمت کے دوران ڈاکو نے تشدد کیا اور زدوکوب کرکے فرار ہو گیا۔
ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل ہونے کے بعد سی سی ڈی ٹیمیں بھی ڈاکو کے تعاقب میں تھیں، جس کے نتیجے میں ملزم کی گرفتاری ممکن ہوئی۔
