پاکستان کے 8 سالہ طالب علم محمد عبداللہ نے غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اولیول اکاؤنٹنگ کا امتحان پاس کر لیا اور کم عمری میں یہ سنگِ میل عبور کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
محمد عبداللہ کا کہنا ہے کہ انہیں اکاؤنٹنگ میں دلچسپی اپنے والد سے ملی۔ ان کے مطابق اکاؤنٹنگ ایک دلچسپ مضمون ہے جو کاروبار، کمپنیوں اور مالیاتی نظام کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
ننھے طالب علم نے کامیابی کا راز بیان کرتے ہوئے کہا کہ پڑھائی اور کھیل کود کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق نہ حد سے زیادہ پڑھنا درست ہے اور نہ ہی سارا وقت کھیل میں گزارنا، بلکہ ہر کام اعتدال کے ساتھ کرنا چاہیے۔
محمد عبداللہ کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ صلاحیت عمر کی پابند نہیں ہوتی۔ درست رہنمائی، مسلسل محنت اور والدین کی حوصلہ افزائی بچوں کو غیرمعمولی کامیابیوں تک پہنچا سکتی ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ ملک بھر کے لاکھوں بچوں کے لیے بھی ایک نئی امید اور حوصلے کی علامت بن گئی ہے۔
