راولپنڈی میں مبینہ زہریلا دودھ پینے سے 3 بچوں کی ہلاکت، ماں کے خلاف مقدمہ درج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی میں تین بچوں کی پراسرار ہلاکت، والد کی مدعیت میں بچوں کی ماں زنیرہ بی بی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آگے بڑھیں گی۔

راولپنڈی، شہر میں 3 معصوم بچوں کی مبینہ طور پر زہریلا دودھ پینے سے ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس پر بچوں کے والد نے اپنی اہلیہ زنیرہ بی بی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق بچوں کے والد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعے سے ایک روز قبل اس کی اپنی بیوی زنیرہ بی بی سے شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران زنیرہ نے دھمکی دی تھی کہ "میں بچوں کا کچھ کرلوں گی۔”

latest urdu news

والد نے مزید بتایا کہ اگلے روز پڑوسی فرحان نے فون پر اطلاع دی کہ بچے بے ہوش ہو چکے ہیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جانبر نہ ہو سکے۔ والد نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی اہلیہ نے ممکنہ طور پر بچوں کو زہریلا دودھ پلایا یا کسی اور طریقے سے قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نامزد ملزمہ زنیرہ بی بی پہلے ہی اسپتال میں زیر علاج اور حفاظتی تحویل میں ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کروا لیا ہے، تاہم حتمی رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد ہی موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی خاندانی جھگڑوں کے نتیجے میں بچوں کو نشانہ بنانے کے کئی افسوسناک واقعات سامنے آ چکے ہیں، جس کے بعد معاشرتی حساسیت اور ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت بارہا اجاگر کی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter