مسلسل بارشوں سے راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750 فٹ تک پہنچ گئی، سپیل ویز کھول دیے گئے، ضلعی انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی
راولپنڈی: راول ڈیم میں مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا، جس پر ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدام کے طور پر سپیل ویز ایک بار پھر کھولنے کا فیصلہ کیا۔
حکام کے مطابق جب پانی کی سطح 1750 فٹ تک پہنچی تو سپیل ویز کھول دیے گئے تاکہ اضافی پانی کا اخراج ممکن ہو سکے اور ڈیم پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
اے سی نیلور کی نگرانی میں سپیل ویز کھولنے کا عمل شروع کیا گیا، جو تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ڈیم سے پانی کا اخراج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سطح 1746 فٹ تک نہیں آ جاتی، تاکہ کسی ممکنہ سیلابی خطرے کو ٹالا جا سکے۔
انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس سروسز اور پولیس فورس کو مختلف پلوں اور نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا ہے۔ متعلقہ ادارے مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے اور صورتحال کو مانیٹر کرنے میں سرگرم ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محفوظ علاقوں تک محدود رکھیں۔