رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں نے پنجاب پولیس کو کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات جاری کیے ہیں۔
ویڈیو میں ڈاکوؤں نے نہ صرف پولیس کو کھلے الفاظ میں چیلنج کیا بلکہ پولیس افسران کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے سخت زبان استعمال کی۔ ڈاکوؤں نے کہا کہ "ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں، ادھر آکر دکھاؤ، اگر تم نے ہمیں یہاں سے ہٹا دیا تو مانیں گے کہ تم جوان ہو، ورنہ ہم تمہیں بھگا بھگا کر ماریں گے۔”
ڈاکوؤں نے دعویٰ کیا کہ وہ رحیم یار خان کے کنٹرول میں ہیں اور اگر پولیس نے یہاں کارروائی کی تو وہ پولیس کے شہروں میں جوابی کارروائی کریں گے۔ ایک ڈاکو نے کہا، "ہم تمہارے دفتر تک بھی پہنچ سکتے ہیں، اگر تم میں حوصلہ ہے تو یہاں آؤ، بندوقوں سے تمہارا استقبال ہو گا۔” ویڈیو پیغام میں ڈاکو نہ صرف پولیس کو بلکہ ان کے مخبروں اور اہلکاروں کو بھی وارننگ دیتے دکھائی دیے۔
ڈاکوؤں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پنجاب پولیس اور ان کے "چمچوں” کے لیے مکمل انتظام کر رکھا ہے، یہاں تک کہ راکٹ لانچرز تک استعمال کرنے کی دھمکی دی گئی۔ انہوں نے پیغام میں کہا کہ "ایک بار پولیس آئے تو انہیں لگ پتہ جائے گا، ہمارے سینے کھلے ہوں گے، ہم میدان سے بھاگنے والوں میں سے نہیں۔”
پنجاب پولیس، پنجاب حکومت، سی سی ڈی CCD کو کچے کے ڈاکوؤں کا اوپن چیلنچ۔۔۔ڈاکوؤں کیجانب سے پنجاب پولیس کےلیے قابل اعتراض جملوں کا استعمال۔۔ pic.twitter.com/AkDpXyscxx
— Shakir Mehmood Awan (@ShakirAwan88) July 9, 2025
اس کھلے چیلنج کے باوجود، تاحال پنجاب پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس پر عوامی سطح پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہری حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے تاکہ قانون کی رٹ قائم رہ سکے۔